سفیر معین الحق

پاکستانی سفیر معین الحق نے چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح کیا

اسلام آباد/بیجنگ (عکس آن لائن)چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے ہفتہ کو بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز( سی آئی ایف ٹی آئی ایس ) میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح کیا۔

سی آئی ایف ٹی آئی ایس بیجنگ میں 2 سے 6 ستمبر کے دوران منعقد ہو رہی ہے۔پاکستانی پویلین میں پاکستان کی مختلف خدمات پر مبنی کاروباری اداروں کی نمائش کی جا رہی ہے جو بین الاقوامی تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ملک کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ تقریب میں اعلیٰ پاکستانی خدمات پر مبنی کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، لاجسٹکس اور سفری اور مالیاتی خدمات میں مہارت رکھنے والی کمپنیاں شامل تھیں.

چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ سی آئی ایف ٹی آئی ایس میں پاکستان پویلین نے پاکستانی کاروباری اداروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چین اور دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور ملک کو خطے میں خدمت پر مبنی کاروباری اداروں کے لیے ایک مرکز کے طور پر مزید مقام فراہم کرتا ہے۔یہ نمائش پاکستان کوخاص طور پر آئی ٹی، ای کامرس، فنانس اور لاجسٹکس میں خدمات کی برآمدات بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گی ۔

نمائش میں این ایل سی اور پی آئی اے کی موجودگی سے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ اس سال سی آئی ایف ٹی آئی ایس میں 75 ممالک اور بین الاقوامی تنظیمیں تقریباً 1,868 نمائشی کمپنیوں کے ساتھ شرکت کر رہی ہیں۔ سی آئی ایف ٹی آئی ایس، اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن، آئی ایس بی ای آئی، نیٹ سول، نیشنل بینک آف پاکستان، نیشنل لاجسٹک کارپوریشن ، ایف بی انٹرپرائزز اور دیگر شرکت کرنے والی اعلیٰ پاکستانی فرموں نے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اپنے بوتھ قائم کئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں