کارپٹ ایسوسی ایشن

پالیسی ریٹ کوسنگل ڈیجٹ ، ریفنڈ زکی جلد ادائیگی کویقینی بنایاجائے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

کراچی ( عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے عالمی مارکیٹوں کے حالات انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کرتے جارہے ہیں جس کے برآمدات پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے ، پاکستا ن میں پالیسی ریٹ خطے میں سب سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری میں کمی کا رجحان ہے،ریفنڈ کی ادائیگی میںغیر معمولی تاخیرسے سرمائے کی شدید قلت کاسامناہے ،

مطالبہ ہے کہ ریفنڈ کو خودمختار کرنے کا نظام متعارف کرانے کی جانب پیشرفت کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپٹ انڈسٹری کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف،وائس چیئرمین شیخ عامر خالدسعید، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان،محمد اکبر ملک، اعجاز الرحمان،میجر (ر) اختر نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ حکومت مشکل سے اپنے پاﺅں پر کھڑے ہونے والی برآمدی انڈسٹری کی معاونت کرے ،موجودہ حالات جب کورونا وائرس نے عالمی مارکیٹوں کے حالات پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں حکومت اس کو مد نظر رکھتے ہوئے فی الفور برآمدی انڈسٹری کے لئے موثر پالیسی کا اعلان کرے ۔

فوکل پرسن کی تعیناتی کی جائے تاکہ بہتر روابط کے ذریعے مسائل سے آگاہی حاصل رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی کی جائے کیونکہ اس وقت پاکستان میں پالیسی ریٹ خطے میں سب سے زیادہ ہے جس نے ہر طرح کی انڈسٹری کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ ریفنڈ کلیم کی ادائیگی کے طریق کار کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے اور اس کے لئے ریفنڈ کو خود مختار کرنے کا نظام متعارف کرایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں