حافظ میاں نعمان

پارکنگ کمپنی کرپشن کیس، ن لیگی سابق ایم پی اے حافظ میاں نعمان سمیت 3 ملزمان بری

لاہور (عکس آن لائن) لاہور احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق ایم پی اے حافظ میاں نعمان سمیت 3 ملزمان کو بری کردیا،

بری ہونے والے دو ملزمان میں عثمان قیوم اور تاثیر احمد بھی شامل ہیں۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے بدھ کے روز حافظ میاں نعمان سمیت دیگر ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا،قبل ازیں عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔عدالت کے روبرو ملزمان کے وکیل قاضی مصباح نے موقف اختیار کیا تھا کہ2018ءسے تحقیقات چل رہی ہیں، دو سالوں میں نیب نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل نہیں کیں،نیب اس کیس میں کوئی ایک ثبوت فراہم کردے،

ملزموں کی طرف سے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کیا گیا۔ ملزمان کے وکیل نے کہا کہ آج بھی نیب کے پاس ایک بھی ثبوت موجود نہیں،نیب کی کوشش ہے کہ نیب کا نیا قانون ختم ہوجائے اسی لئے وقت گزار رہے ہیں، ملزمان کے خلاف مزید انکوائری کی ضرورت نہیں ہے، ملزمان وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی حافظ نعمان سمیت تینوں ملزمان کی ضمانت منظور کررکھی ہے، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کو بری کیا جائے۔

عدالت کے روبرو نیب پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ یہ وائٹ کالر کرائم کیس ہے، تمام ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر پارکنگ کمپنی کو نوازا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان کے اس غیر قانونی اقدام سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔بدھ کے روز عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے بری کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں