ہمایوں اختر خان

پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے (ن) ،پی پی کی دال میں کچھ کالا نہیں پوری دیگ ہی کالی ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ تحریک انصا ف کا دامن صاف ہے اس لئے وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کی اوپن سماعت کا چیلنج دیا ہے ، اس کے برعکس مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے دال میں کچھ کالانہیں بلکہ پوری دیگ ہی کالی ہے اورجلد دودھ کادودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،پی ڈی ایم کی تحریک آگے بڑھنے کی بجائے بند گلی میں داخل ہوچکی ہے اوراب صرف دیوار وںسے سرٹکرایا جارہاہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131کے اکابرین کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوںاخترخان نے کہا کہ تحریک انصاف کانمائندہ ہونے کے ناطے حلقے کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ آئند ہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت اور کورونا وباء کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے کوشاںہیں اورانشا اللہ عوام کو مایوس نہیںکریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ معیشت میںہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری آرہی ہے اورانشااللہ اس کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جائیںگے،طلب اور رسد کو بہتر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میںبھی بتدریج کمی آرہی ہے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا ملک کے مالی معاملات چلانے میں کلیدی کردار ہے اس لئے انہیں ہرسطح پر عزت و احترام دیا جائے گا اور ان کے لئے سہولتیں پیدا کی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں