ویسٹ انڈیز

ویسٹ انڈیز نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

اینٹیگوا(عکس آن لائن)ویسٹ انڈیز نے ایون لوئس کی شاندار سنچری کے باعث سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دوصفر فیصلہ کن برتری حاصل کر لی،میزبان ٹیم نے 274 رنز کا ہدف 49.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوپنر ایون لوئس نے 103رنز کی دلکش اننگز کھیلی، مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سر ویون رچرڈ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے، دنشکا گوناتھلکا نے 96 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،دنیشن چندیمل 71 اور ڈی سلوا 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،جیسن محمد نے تین اور الزاری جوزف نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 49.4اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوپنر ایون لوئس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چار چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے،جنہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا شاہی ہوپ نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 84 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، پہلی وکٹ میں دونوں بلے بازوں نے 192 رنز کی شراکت قائم کی،نوان پردیب اور تھسرا پریرا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں