ویرات کوہلی

ویرات کوہلی کا انوشکا کیساتھ اپنے برے سلوک کا اعتراف

نئی دہلی (عکس آن لائن)سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اہلیہ، اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ اپنے برے سلوک کا اعتراف کرلیا ہے۔ویرات کوہلی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اپنے کیرئیر کے برے دنوں میں وہ کافی غصیلے مزاج کے ہوگئے تھے۔اْنہوں نے بتایا کہ اچھی پرفارمنس دکھانے میں ناکامی کی وجہ سے میری طبیعت میں اشتعال انگیزی اور غصہ تھا اور اسی وجہ سے میرا رویّہ اپنی بیوی انوشکا اور گھر والوں کے ساتھ بالکل بھی منصفانہ نہیں تھا۔

اْنہوں نے بتایا کہ پھر مجھے یہ احساس ہوا کہ اگر میں اچھی کارکردگی دِکھانے میں ناکام ہوں تو مجھے یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ میں ایک برا کھلاڑی ہوں۔ویرات کوہلی نے کہا کہ میں سچ سے بھاگ نہیں سکتا، جو حقیقت ہے مجھے اسے قبول کرنا پڑے گا۔ اْنہوں نے کہا کہ اب میں بہت خوش ہوں کیونکہ جس طرح میرے اس نئے سال کا آغاز ہوا پچھلے پورے دو سالوں میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ سال کے پہلے ہی میچ کے دوران میں نے سنچری بنائی، امید ہے کہ میں آگے بھی اسی رفتار سے بڑھ سکتا ہوں جیسا کہ سب ہی جانتے ہیں کہ یہ ورلڈ کپ کا سال بھی ہے اور آسٹریلیا کے خلاف ایک بڑی ٹیسٹ سیریز بھی آنے والی ہے۔

ویرات کوہلی نے سال کے بہترین آغاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب بریک کے بعد ایشیاء کپ سے میری واپسی ہوئی تو میں دوبارہ ٹریننگ سے لطف اندوز ہونا شروع ہوگیا اور میں نے ہمیشہ اسی طرح کرکٹ کھیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اگر آپ تھوڑا سا بھی خود کو مایوسی یا تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں تو خود سے زبردستی کرنے کے بجائے دو قدم پیچھے ہٹیں اور صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں اس طرح آپ اپنے مقصد میں مزید کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں