انسانی حقوق کونسل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پاکستان کے انسانی حقوق کونسل کا دوبارہ رکن منتخب ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے انسانی حقوق کونسل کا دوبارہ رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کو نمائندگی ملنے کے بعد ہماری چار بنیادی ترجیحات ہوں گی، مسئلہ کشمیر اولین ترجیح ہے ، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آواز بلند کرنا ہماری دوسری ترجیح ہو گی۔

بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی کامیابی اور ترجیحات کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گذشتہ رات اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کو واضح اکثریت سے دوبارہ نمائندگی ملنے پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان کو کل کاسٹ ہونیوالے 191 ووٹوں میں سے 169 ووٹ ملے ،میں اس اہم کامیابی پر نیویارک اور جنیوا میں پاکستانی مشنز کو اور یو این ڈویڑن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے ایک مربوط کوشش کی جو نتیجہ خیز ثابت ہوئی ،ہر خطے نے پاکستان کیلئے ووٹنگ کی ـ

میں ان سب ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کو اپنی ترجیح میں شامل رکھا،وزیر اعظم عمران خان صاحب نے اس حوالے سے حمایت کیلئے مختلف ممالک کے سربراہان کو خطوط ارسال کیے،میں نے بطور وزیر خارجہ، وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے کیے تاکہ اس فورم پر ہمیں دوبارہ نمائندگی مل سکے۔ انہوںنے کہاکہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہمارے لیے اس وجہ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے ـ

کیونکہ ہماری حکومت نے پاکستان میں اس حوالے سے بہت سا کام کیا ہے اور دوسری طرف ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے ،کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہے غیر جانبدار مبصرین کو وہاں تک رسائی نہیں دی جا رہی ، ان حالات میں میرے نزدیک مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے کے حوالے سے یہ ایک موثر فورم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کو نمائندگی ملنے کے بعد ہماری چار بنیادی ترجیحات ہوں گی،ان ترجیحات میں پہلے نمبر پر کشمیر کا مسئلہ ہے جو ہماری اولین ترجیح ہے ، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آواز بلند کرنا ہماری دوسری ترجیح ہو گی،پاکستان اس فورم کے ذریعے مسلم امہ کا اہم ملک ہونے کے ناطے مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حوالے سے آواز بلند کر سکتا ہے،

اس حوالے سے ہماری اگلی ترجیح ہیومن رائٹس ہیں جن پر پاکستان کے اندر بھی بہت کام ہوا ہے اور اس فورم کے ذریعے ہمیں، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کا بھی ایک منفرد موقع میسر آئے گا ،ہم آج نہتے کشمیریوں کو اس پلیٹ فارم سے واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کی آواز کو دبنے نہیں دیں گے اور آپ کی اس حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جاری پرامن جدوجہد میں اخلاقی، سفارتی اور اخلاقی طور پر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں