وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلی پنجاب نے آئمہ خطباء کے سکیل ریوائزڈ کرنے کی منظوری دیدی

لاہور (نمائندہ عکس) وزیر اعلی پنجاب نے آئمہ خطباء کے سکیل ریوائزڈ کرنے کی منظوری دے دی۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو دی گئی سفارشات کی روشنی میں محکمہ اوقاف پنجاب کو 3کروڑ37لاکھ94ہزار256 روپے گرانٹ ان ایڈ کی مد میں جاری کرنے کے لئے سمری صوبائی کابینہ سے منظوری کے لئے بذریعہ سرکولیشن بھجوا نے کی ہدایت کردی گئی جس پر عمل درآمد کر دیا گیا ۔کابینہ میں شامل تمام وزراء سے سمری پر دستخط ہونے کے بعدآئندہ چند روز میں باضابطہ طور پر نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔مذکورہ رقم یکم جنوری2023سے30جون2023تک 6ماہ کے لئے آئمہ و خطباء کو کی جانے والی ادائیگیوں کی مد میں خرچ کی جائے گی، یکم جولائی 2023سے مذکورہ تمام اخراجات اوقاف آرگنائزیشن خود برداشت کرے گی۔وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے دی گئی منظوری کے پیش نظرصوبائی خطیب، خطیب بادشاہی مسجد، خطیب جامع مسجد داتا دربار کی آسامی گریڈ18 سے گریڈ19 کی ہو جائے گی۔

زونل خطیب/رئیس التبلیغ/نائب خطیب کی آسامی گریڈ17سے گریڈ18، ضلعی خطیب کی آسامی گریڈ16سے گریڈ17 کی ہو جائے گی۔ سینئر خطیب کی آسامی گریڈ12سے گریڈ16، خطیب کی آسامی گریڈ9 سے گریڈ14، نائب خطیب /مدرس کی آسامی گریڈ6 اور گریڈ7سے گریڈ12 کی ہو جائے گی۔موذن کی آسامی گریڈ4 اور گریڈ5سے گریڈ7 میں اپ گریڈ ہو جائے گی ۔وزیراعلی پنجاب نے چندہفتے قبل اوقاف ملازمین کے سکیل اپ گریڈکرنے کا اعلان کیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں