وزیر اعلی سندھ

وزیر اعلی سندھ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کر دی

کراچی(عکس آن لائن)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی۔ ٹاسک فورس مراد علی شاہ کی نگرانی میں کام کرے گی جس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت، کمشنر کراچی اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں بنائی گئی ٹاسک فورس کا روزانہ شام 7بجے وزیر اعلی ہاﺅس میں اجلاس ہو گاایران سے پاکستان آنے والے زائرین سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایران سے واپس آئے 1500افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں محدود رہیں انہیں گھروں میں ہی مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ایران سے آنے والے 1500افراد میں سے کسی میں بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہ ہوئیں تو بھی انہیں 15دن کے آبزرویشن میں رکھا جائے گا۔ کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی فیملی کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، یہ فیملی ایران سے 20فروری کی صبح کراچی واپس آئی تھی۔ صورتحال بہتر ہونے تک ایران سے آنے والی پروازیں بند رکھی جائیں کیونکہ اگر سخت اقدامات نہیں کیے گئے تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

ماسک مہنگا فروخت ہونے پر بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ماسک کی اصل قیمت پر فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں