کھالوں کی اصلاح

وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کھالوں کی اصلاح کیلئے حکومت 60 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی

فیصل آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کھالوں کی اصلاح کیلئے سبسڈی کے حصول کی غرض سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سے مقررہ وقت کے اندر386 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جنہیں اصلاح آبپاشی کیلئے حکومت کی جانب سے 60 فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

محکمہ زراعت فیصل آبادڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے قومی منصوبہ برائے 2020-21 کے تحت 40 فیصد رقم کاشتکار فراہم کرے گا اور اس کے برعکس 60 فیصد سبسڈی حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقہ سے کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں تو وہاں شفاف قرعہ اندازی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آنیوالے ادوار میں پانی کے ضیاع کو روکنے اور آبپاشی کیلئے ایک ایک قطرہ کو محفوظ کرنے سمیت اس کے درست استعمال اور اسے ضائع ہونے سے بچانے کیلئے انتہائی مثر پلاننگ کی ضرورت ہے تاکہ دستیاب آبی وسائل میں رہتے ہوئے آبپاشی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پختہ کھال تعمیر اور ذرائع آبپاشی کی اصلاح کرکے اس اقدام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت کاشتکاروں کی بھرپور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح جہاں پانی کی مطلوبہ آبپاشی کی ضرورت پوری ہوگی وہیں زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ بھی ممکن ہوسکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں