وزیر اعظم

وزیر اعظم کی راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں کی راہ میں درپیش مسائل فوری طور پر نوٹس میں لانے کی ہدایت

اسلام آبا د(عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں کی راہ میں درپیش مسائل فوری طور پر نوٹس میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ منصوبہ ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو معاشی ترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، منصوبے میں گرین ایریاز کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے جو اقدامات موجودہ حکومت نے اٹھائے ہیں ان کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد احمد، وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان ، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بریفنگ میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سی ای او راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وزیر اعظم کو راوی سٹی میں ہونے والی مثبت پیشرفت، خصوصا بڈنگ کے آغاز، ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مجوزہ لائحہ عمل، اراضی کے حصول اور قوائد و ضوابط سے متعلقہ امور کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر نمٹانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔راوی سٹی کے مختلف زونز کی ڈویلپمنٹ اور بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی منصوبے میں گہری دلچسپی، خصوصا راوی سٹی کے ایک زون کے لئے 5 معروف سرمایہ کار گروپس کی جانب سے بڈنگ کے آغاز، اور مستقبل میں نئے زونز میں لینڈ ڈویلپمینٹ کے لئے بین الاقوامی کنسورشیم کی جانب سے دلچسپی پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا۔ شرکاء کو راوی سٹی میں ٹیکنالوجی زون اور نالج سٹی کے زونز کی ڈویلپمینٹ کے ضمن میں نجی شعبے کے اشتراک اور مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے حوالے سے ہونے والی ابتدائی پیشرفت، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی فنانسنگ سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام، اراضی حصول میں اراضی مالکان کو مناسب قیمتوں کی ادائیگی کے ضمن میں معاملات میں فیصلہ کن پیش رفت، گرین ایریاز کے قیام کو یقینی بنانے اور معروف جامعات کے ساتھ راوی اربن ڈویلپمنٹ ینگ لیڈرز پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے ملازمت کے مجوزہ پروگرام پر بھی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے پہلے فیز کی لانچنگ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ مشاورت، اور مستقبل میں منصوبے کے مجوزہ خدوخال پر بھی اجلاس کو مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔وزیر اعظم عمران خان نے راوی سٹی منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو معاشی ترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے منصوبے میں گرین ایریاز کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے جو اقدامات موجودہ حکومت نے اٹھائے ہیں ان کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔وزیر اعظم نے راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں کی راہ میں درپیش مسائل فوری طور پر نوٹس میں لانے کی ہدایت کی تاکہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں