ہمایوں اختر خان

وزیر اعظم نے ہر کونے سے طاقت اپنے ہاتھ میں لینے کی بجائے اسے ملک کی بہتری کیلئے استعمال کیا ‘ہمایوں اختر خان

اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آئین میں سویلین حکومت کے پاس بے تحاشہ اختیار ات ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے ہر کونے سے طاقت اوراختیارات اپنے ہاتھ میں لینے کی بجائے انہیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے استعمال کیا ہے،

جب 2023ء میں انتخابات ہوں گے تو جو بھی وزیراعظم کا امیدوار ہے وہ ضرو ر قسمت آزمائی کرے لیکن اس وقت مسلم لیگ (ن) کے اندر بہت پیچیدہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جب سیاسی جماعتیں ملک و قوم کودرپیش مسائل حل کریں اور ڈلیور کریں تو انہیں پذیرائی ملتی ہے او ر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اسی جانب گامزن ہے جس کی وجہ سے اسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ۔ آئین نے سویلین حکومت کو بے تحاشہ اختیارات دئیے ہیں جن کا ملک و قوم کے بہترین مفاد میں استعمال ہونا چاہیے اور وزیراعظم عمران خان اسی پر عمل پیرا ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اگر اٹھارویں آئینی ترامیم پر کوئی بات ہونی ہے تو اس کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے لیکن جو لوگ پارلیمنٹ میں ہی موجود نہیں ان کا یہ کہنا کہ ہاتھ نہیں لگانے دیں گے نہیں کرنے دیں گے انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے شفاف کردار کی وجہ سے بیرون ممالک میں بھی ان کے کردار کو تسلیم کیا جارہا ہے اور کورونا وائرس کی وباء میں ان کی اپیل پر عالمی مالیاتی اداروں اور بڑے ممالک کا قرضوںکوموخر کرنا اور اس سے نمٹنے کیلئے غیر مشروط امداد دینا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں