NAB

وزیراعظم کے داماد کی ضمانت میں توسیع، حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور(عکس آن لائن) احتساب عدالت نے وزیراعظم کے داماد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی جب کہ حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت احتساب عدالت نمبر 9 کے جج قمر الزماں نے کی، جس میں عدالت نے عبوری ضمانت میں یکم مارچ تک توسیع کردی۔ عدالت نے شریک ملزم سید طاہر نقوی کی عبوری ضمانت میں بھی یکم مارچ تک توسیع کر دی۔

نیب کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہارون یوسف اور سید طاہر نقوی کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، مگر ان کے پرانے وارنٹ گرفتاری ابھی منسوخ نہیں ہوئے۔کیس میں ان کے بطور بے نامی دار کردار کے حوالے سے جائزہ لے رہے ہیں۔ تفتیش کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے جائزہ رپورٹ جلد مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ ہارون یوسف اور سید طاہر نقوی نے احتساب عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے ۔دریں اثنا احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں