شہبازشریف

وزیراعظم کی بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ عکس) وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے بلوچستان حکومت سے کہا کہ وہ قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

وزیراعظم نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔وزیراعظم نے قانون اور انصاف کے شعبے میں نور محمد مسکانزئی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس طرح کی گھناﺅنی اور انتہائی قابل مذمت کارروائیوں کا مقصد افراتفری پھیلانا اور عوام کو خوفزدہ کرنا ہے۔شہباز شریف نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دوسری جانب سندھ بار کونسل کی جانب سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور شدید مذمت بھی کی ہے۔گذشتہ روز خاران میں فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نور مسکانزئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

ڈی آئی جی خاران نے بتایا تھا کہ فائرنگ سے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی شدید زخمی ہوئے، کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئے۔مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔مشیر داخلہ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیم بنانے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں