وزیراعظم

وزیراعظم کا بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ، پولیو کیسز میں کمی اور عوامی صحت سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان کا مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں عمران خان نے کورونا سے متعلق عوام کی صحت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا،پولیو کیسز میں کمی اور عوامی صحت سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کو ملک میں انسداد پولیو مہم سے متعلق معلومات دیں اور بل گیٹس کو اپنے 10 بلین ٹری سونامی اقدام سے آگاہ کیا، بل گیٹس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے، کورونا کے باوجود ملک میں پولیو کے خاتمے کی بھرپورمہم جاری ہے۔

ٹیلی فونک رابطے میں دنیا کو درپیش مختلف چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا گیا۔اپریل2021 میں عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بل گیٹس کو خط لکھا تھا جس میں عمران خان نے موسمیاتی تبدیل کے خطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔عمران خان نے اپنے خط میں عزم کیا کہ آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں، پاکستان بھی موسمی خطرات سے نمٹنے اور بچاو کے لیے اقدامات کررہا ہے۔وزیراعظم نے خط میں لکھا تھاکہ پاکستان ان ممالک میں ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات زیادہ ہیں، پاکستان کو بھی گلیشیئر پگھلنا اور مون سون سمیت کئی طرح کے موسمی خطرات کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں