وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم کا بلوچستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تشویش کا اظہار

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے،چیلنج یقینا بہت بڑا ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کا ہمارا عزم اس سے بھی مضبوط تر ہے۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیلاب سے پیدا شدہ مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی محاذوں پر کام کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے قوم سے بلوچستان کی عوام کی بھرپور مدد کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت کے تمام اداروں نے ضرور یات کو سامنے رکھتے ہوئے ریسکیو اور ریلیف کا کام اور تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی نا قابل بیان ہے اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک متاثرین کی آبادکاری مکمل نہیں ہو جاتی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرنے پر وزیر اعلی بلوچستان،صوبائی انتظامیہ، این ڈی ایم اے اور افواج پاکستان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں