زرعی اصلاحات

وزیراعظم نے زرعی اصلاحات کیلئے نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی تشکیل دیدی

لاہور (عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے زرعی اصلاحات کیلئے نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی تشکیل دیدی ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈسکیورٹی جمشید اقبال چیمہ مذکورہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔

وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں عابد قیوم سلہری ممبر وزیراعظم اقتصادی ایڈوائزری کونسل، وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ،وفاقی سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ خصوصی اقدامات ، وفاقی سیکرٹری فنانس ،وفاقی سیکرٹری انڈسٹری اینڈ پروڈکشن ، چیئرمین ایف بی آریا ان تمام افسران کے نمائندے جو 21سے کم گریڈ کے افسر نہ ہوں ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جسے گورنر اسٹیٹ بینک نامزد کریں گے ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز یاان کے گریڈ20کے نمائندے ،تمام صوبوں کے زراعت ، لائیوسٹاک اور فشریز کے سیکرٹریز ممبر جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ( ڈویژن ) این ایف ایس اینڈ آر سیکرٹری ہوں گے۔

کمیٹی کیلئے پانچ نکات پر مشتمل ٹی او آرز بھی مرتب کئے گئے ہیں جس کے مطابق مذکورہ کمیٹی وزیر اعظم کے زراعت میں اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد کاجائزہ ، پروگرام پر عملدرآمد کی راہ حائل میں رکاوٹوں کی نشاندہی اورانہیں دور کرنے کے لئے کوارڈی نیشن کی ذمہ دار ہو گی ۔کمیٹی اصلاحات کے لئے ناگزیر فیصلوں اور متعلقہ وزراتوں ، ڈویژن اور محکموں کو مسائل سے متعلق احکاما ت جاری کرنے اورپروگرام کی مانیٹرنگ ،سہولتوں کی بروقت فراہمی اور وزیراعظم کی جانب سے زراعت میں اصلاحات کیلئے کسی بھی فیصلے پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہو گی ۔کمیٹی کے کنوینر وزیر اعظم کو زراعت کے شعبے میں بہتری کیلئے سفارشات اور اصلاحات کے پروگرام پر وزیر اعظم کی گائیڈ لائنز کے مطابق مجموعی عملدرآمد بارے بریفنگ دینے کے پابند ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں