اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر کے دن فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،وزیراعظم عمران خان اور فلسطینی صدر نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔
اس دوران وزیراعظم نے مسجد اقصی میں عبادت کے دوران اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی،دونوں رہنماﺅں نے انسانی حقوق، عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے اقدامات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر فلسطینیوں کی ہر ممکن کوشش اور مدد کی یقین دہانی کرائی جبکہ بحرانی صورتحال میں پاکستانی قیادت نے فلسطین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا،وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کو عالمی رہنماﺅں سے ہونے والے رابطوں اور گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔
محمود عباس نے پاکستانی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کے بروقت ردعمل کی تعریف اور مسجدِ اقصی میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کو بھی سراہا،صدر محمود عباس نے وزیر اعظم کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے آئندہ کی حکمت عملی اور ممکنہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال اور موجودہ صورت حال پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔