رمیز راجا

ورلڈکپ میں پاکستان آگے نکل گیا، بلین ڈالر انڈسٹری والی ٹیمیں پیچھے رہ گئیں، رمیز راجا

میلبرن(نمائندہ عکس)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ز رمیز راجا نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی اور بلین ڈالر انڈسٹری والی ٹیمیں پیچھے رہ گئیں،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں گرین شرٹس کا پریکٹس سیشن دیکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ ٹیم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، مشکل صورتحال میں بھی پاکستان ٹیم ایک بن کر رہی، اس ٹیم سے فینز کو بہت امیدیں ہیں، بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا لیکن اب ہمارا مقابلہ انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ ہے جس سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیلے ہیں،

رمیز راجا کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلے دو میچز میں شکست کے بعد لوگ سمجھ رہے تھے کہ ہم باہر ہو گئے لیکن 2009کی چیمپئن ٹیم نے سب کو غلط ثابت کر دیا،چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا دیکھیں ورلڈکپ میں دنیا کی کرکٹ کتنی پیچھے رہ گئی ہے اور پاکستان کتنا آگے چلا گیا ہے، رمیز راجا کا کہنا تھا اس ورلڈکپ میں آپ کو نظر آئے گا کہ بلین ڈالر انڈسٹری والی ٹیمیں پیچھے رہ گئیں اور ہم ان سے آگے نکل گئے ہیں، تو کوئی چیز تو ہم ٹھیک کر رہے ہیں نا اس لیے آپ اسے انجوائے بھی کریں اور احترام بھی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں