مسرت جمشید چیمہ

ن لیگ میں نام نہاد انقلاب کے بیانیے کی وجہ سے تذبذب کی صورتحال ہے ‘مسرت جمشید چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اگر این آر او دیدیا جائے تو یہی اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کے قصیدے پڑھتے ہوئے نظر آئے گی ،

عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ان کی پالیسیوں سے مطمئن ہیں اس لئے ہمیں چوروں اور لٹیروں سے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں،اسٹیٹس کو کی حامل جماعتیں اب قصہ پارینہ بن چکی ہیں او ران کا کوئی مستقبل نہیں ۔ پارٹی دفتر میں ملاقات کیلئے آنے رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یہ دعویٰ کر تی تھی کہ پنجاب اس کا گڑھ ہے لیکن یہی پنجاب اس کی سیاست کے لئے گڑھا ثابت ہورہا ہے ، انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی اور سندھ کی جانب بھی کامیابی سے پیشرفت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) میں نام نہاد انقلاب کے بیانیے کی وجہ سے تذبذب کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے اسے بطور جماعت اپنی بقاء کا سامنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا وباء اور خطے کی گھمبیر صورتحال کے باوجود معیشت کوسنبھالا دیا ہے اور انشا اللہ اسی بنیاد پر عوام آئندہ عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو اقتدارمیں لائیں گے اورترقی کے سفر کی رفتار مزید تیز ہو گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں