کلین سویپ

نیوزی لینڈ نے بھارت کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی

کرائسٹ چرچ (عکس آن لائن) نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے کلین سویپ کرلی، گھر کے شیر نیوزی لینڈ میں ڈھیر ہوگئے، میچ کا فیصلہ تیسرے روز ہی ہوگیا، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے مسلسل سات میچوں کی فتح ٹیم بھارت کو نیوزی لینڈ میں مسلسل دو میچوں میں شکست کا سامنا، بھارت ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 132 رنز کا ہدف دیا، ٹرینٹ بولٹ نے چار اور ٹم ساؤتھی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر مشن کلین سویپ مکمل کرلیا۔ ٹام بلنڈل 55 اور ٹام لیتھم 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹم ساؤتھی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کرائسٹ چرچ کے مقام پر کھیلے گئے دو میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 90 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ویہاری 5 اور پنت ایک رن پر کھیل رہے تھے، ہنوما ویہاری گزشتہ روز کے سکور میں 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 9 رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، ریشبھ پنت 4 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، محمد شامی 5 رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بلنڈل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جسپریت بمرا آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ راویندرا جدیجہ 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت ٹیم دوسری اننگز میں 124 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 132 رنز کا ہدف دیا۔ کیوی ٹیم کے ٹرینٹ بولٹ نے 4 ، ٹم ساؤتھی نے 3 جبکہ گرینڈہوم اور واگنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارتی ٹیم کو میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز کلین سویپ کرلی۔ ٹام بلنڈل 55 اور ٹام لیتھم 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا نے دو اور یادیو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹم ساؤتھی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں