سارک اینٹی کرپشن فورم

نیب کو سارک اینٹی کرپشن فورم کا سربراہ منتخب کرلیا گیا

اسلام آباد(عکس آن لائن )قومی احتساب بیورو (نیب) کو سارک اینٹی کرپشن فورم کا سربراہ منتخب کردیا گیا نیب ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب نہ صرف پاکستان بلکہ پورے سارک ممالک کے لیے رول ماڈل ہے، سارک اینٹی کرپشن فورم میں نیب کو متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا گیا جو نیب کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے.

بیان میں مزید بتایا گیا کہ بھارت سمیت سارک ممالک نے نیب کی کارکردگی کو خوب سراہا بیان کے مطابق نیب کی نمایاں کارکردگی کے پیش نظرٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان ورلڈ اکنامک فورم، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسی نامور قومی اور بین الاقوامی تنظیموں نے بھی نیب کی کارکردگی کو سراہا. علامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس کے ساتھ چین نے کرپشن کے خاتمے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر سائن کیے،پاکستان اور چین مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی رابطہ (سی پیک) منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں.

علامیے کے مطابق نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 328 ارب روپے کی وصولی کی اور سینکڑوں وائٹ کالر جرائم سے متاثرہ افراد اور کچھ سرکاری اور نجی محکموں کو رقم واپس کی اور ایک روپیہ بھی وصول کیے بغیر باقی رقم فومی خزانے میں جمع کرادی. مزید بتایا گیا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کی ایک قومی حکمت عملی تیار کی ہے جسے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ایک موثر حکمت عملی کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک مشترکہ تحقیقاتی نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے.

دستاویزات اور فنگر پرنٹس کی جانچ پڑتال اور ڈیجیٹل ڈیٹا کے تجزیئے کے لیے نیب نے جدید خطوط پر تفتیشی افسران کو تربیت دینے کے لیے راولپنڈی میں اپنی تحقیقی اکیڈمی بھی قائم کی ہے نیب نے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں اینٹی منی لانڈرنگ سیل بھی قائم کیا نیب چیئرمین جاوید اقبال نے مجموعی طور پر 12 ہزار مبینہ کرپشن کیسز کے ریفرنسز کا جائزہ لیا جو کہ اس وقت 25 احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں