نیب

نیب نے صاف پانی کرپشن کیس میں ضمنی ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور (عکس آن لائن ) نیب نے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس کا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما انجینئر قمرالسلام راجہ سمیت ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر کردیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں صاف پانی کمپنی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق سی او صاف پانی وسیم اجمل، انجینئر قمرالاسلام راجہ، طاہر مقبول سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری کے روبرو پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ نیب نے صاف پانی کمپنی کیس میں نئے شواہد ملنے کے بعد سترہ ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لہذا ضمنی ریفرنس کا جائزہ لینے تک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ کیا جائے۔ ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ گذشتہ سماعت پر فریقین کی جانب سے بحث مکمل کی جاچکی ہے، اب عدالت نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنانا ہے۔ نیب جان بوجھ کر معاملے کو لٹکا رہا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ فریقین کو فئیر ٹرائل کا حق ملنا چاہئیے۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر کردیا۔عدالت نے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت اٹھائیس مئی تک ملتوی کردی۔ ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر چوراسی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں