جعلی ڈی جی

نیب لاہور کی اہم کارروائی،جعلی ڈی جی نیب سکھرگرفتار

اسلام آباد(عکس آن لائن ) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو (نیب)، لاہورنے متعدد شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈی جی نیب ملزم میاں محمد فیاض کو جوہر ٹاون، لاہور سے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم میاں محمد فیاض مبینہ طور پر ڈی جی نیب سکھر کا نام استعمال کرتے ہوئے مختلف سرکاری آفیسران و عہداران کو من پسند کام نکلوانے کیلئے ناجائز دبا ڈالتا رہا۔

نیب کو موصول ہونیوالی اطلاعات کے مطابق ملز م غیر قانونی طور پر مختلف سینئر پولیس آفیسران، پرائیویٹ ہاسنگ سوسائٹیوں کی انتظامیہ کے علاوہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی اپروچ کرتا رہا۔ علاوہ ازیں ملزم کیخلاف موصول شکایات کیمطابق ملزم میاں محمد فیاض متعدد مرتبہ سیاسی رہنماوں کا نام استعمال کرتے ہوئے بھی اپنے کام نکلواتا رہا۔ نیب کوموصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر قومی احتساب بیورو، لاہورنے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ملزم میاں محمد فیاض کو گرفتار کیا جس کے قبضہ سے 44لاکھ کیش کے علاوہ آتشی اسلحہ بھی بر آمد کروایا گیا ہے۔نیب لاہور نے ملزم میاں محمد فیاض کو گرفتاری کے بعدمعزز ا حتساب عدالت لاہور کے روبرو پیش کیا۔معزز ا حتساب عدالت لاہورنے ملزم کا 8روزہ جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالے کیا۔نیب نے ملزم میاں محمد فیاض کیخلاف قانون کے مطابق تحقیقات کاآغاز کر دیا۔

یہ امر قابل ذکرہے کہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب انٹیلی جنس ونگ اب تک 10ایسے افراد کو گرفتار کر چکا ہے جو کہ نیب کا نام استعمال کرتے ہوئے جعلی نیب افسر بن کر مختلف لوگوں کو لوٹتے تھے۔ چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب لاہو کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ نیب عوام کو ان کے بہترین مفاد میں ایک بار پھر آگاہ کرتاہے کہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی واضع ہدایات ہیں کہ نیب کا کوئی آفیسر کسی کیس کی انکوائری و انویسٹی گیشن کے دوران کسی ملزم یا ادارے سے فون پر رابطہ نہیں کرے گا بلکہ قانون کیمطابق سرکاری مراسلہ کے ذریعے متعلقہ شخص اورادارے سے رابطہ کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں کسی بھی شکایت کی صورت میں ترجمان نیب سے معلومات کے لئے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں