حسن اور حسین نواز

نیب ریفرنسز میں بریت کی درخواست؛ حسن اور حسین نواز کو حاضری سے استثنا مل گیا

اسلام آباد(عکس آن لائن) احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں بریت کی درخواست پر حسن اور حسین نواز کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔

ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کی بریت کی درخواستوں پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

دوران سماعت حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ اور حسن و حسین نواز کے پلیڈر رانا عرفان عدالت میں پیش ہوئے۔ علاوہ ازیں نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی، سہیل عارف اور عثمان مسعود بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ریکارڈ جمع کروانے کے لیے وقت طلب کرلیا گیا، جس پر عدالت نے 19 مارچ تک کا وقت دے دیا۔ عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں