وزیراعظم عمران خان

نیا پاکستان ذہنوں میں پہلے اور زمین پر بعد میں آئے گا،وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ٹیکس دینا شروع کردیا اور حکومت کے پاس پیسہ آرہا ہے، نیا پاکستان ذہنوں میں پہلے اور زمین پر بعد میں آئے گا،ملکی تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں،

سندھ نے بھی اگر ترقی کرنی ہے تو اس نظام کو اختیار کرے، نئے پاکستان کے تصور کو سمجھنے کی ضرورت ہے، یہ پیسہ عوامی فلاح و بہبود پر اور ماحول پر لگائیں گے، آلودگی کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہے، بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، 10سال میں شہر کے70فیصد درخت کاٹ دیے گئے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعت ہے، یہاں سونے،تانبے،گیس کے ذخائر ہیں، زیرزمین کئی خزانوں کو ابھی تک دریافت ہی نہیں کیا گیا، تمام خالی علاقوں میں درخت لگائیں گے، ایسا ملک بنیں گے ساری دنیا ہماری مثال دے گی، چند سال میں ہمارا ملک ماحولیاتی طور پر تبدیل ہو جائے گا،جب قوم مستقبل کا نہیں سوچتی اس کے آگے بربادی ہے، ہم اپنے ملک کو آلودگی سے تباہ کررہے ہیں، قوم اس کا مقابلہ کرے۔اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ کے حکم پر نہ چلنے والی قومیں برباد ہو جاتی ہیں جبکہ نبی کریم کی حدیث ہے کہ آخرت کےلئے اس طرح جینا چاہیے جیسے کل مرجانا ہے، لیکن اس دنیا کےلئے اس طرح جینا ہے کہ ہزار سال زندہ رہنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہم اس زمین پر رہتے ہوئے سوچیں کہ 100,20,10اور ہزار سال بعد کیا ہو گا، دنیا میں کئی سلطنتیں تباہ ہو گئیں کیونکہ جب ایک قوم اپنی آگے آنے والی نسلوں کا نہیں سوچتی ہے وہ برباد ہو جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 35سال قبل لاہور صاف ستھرا شہر تھا، آج سانس لینا بھی محال ہے ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کےلئے انتہائی خطرناک ہے اور افسوسناک ہے کہ لاہور ماحولیاتی آلودگی سے بہت متاثر ہے، لاہور میں 70فیصد درخت کاٹ دیئے گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ وقت ہے کہ سب مل کر پاکستان کو سرسبز بنائیں،لاہور میں ماضی کو صاف ستھری نہریں آج سیوریج کا ڈھیر بن گئی ہیں،

پاکستان میں ہر قسم کا موسم اور قدرتی وسائل سے مالامال ہے، پاکستان دنیا میں معدنیات سے مالامال 10ملکوں میں شامل ہے، پاکستان اللہ کی نعمت ہے اور ہمارے لوگوں کو اپنے ملک کے بارے میں معلومات ہی نہیں ہے،پاکستان میں زرخیز زمین ہے، پھلوں کے باغات ہیں،معدنیات ہے سونا ہے، تانبا ہے، چاندی ہے اور یہی پاکستان ابھرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خوبصورتی کی وجہ سے بڑا سیاحتی مرکز اوراہم ملک ہے اور طلباءپاکستان کا مستقبل ہیں، مہم میں بھرپور شرکت کرنی ہے، پاکستان میں گرین چیمپیئن پروگرام میں ہر ایک کو شرکت کرنا ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں ایک نیا تاریخی بدلیاتی نظام لے کر آرہے ہیں، نئے بلدیاتی نظام رائج کے تحت گاﺅں کے لوگ بھی اس میں بھرپور حصہ لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان کے نظریے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، نیا پاکستان کا نظریہ پہلے ذہنوں میں آئے گا اورپھر سے یہ عمل پر لایا جائے، نیا پاکستان کا نظریہ ذات کی سوچ سے نکل کر سب کی بھلائی کا سوچنا ہو گا پاکستان میں ذات کو مالدار کرنے کی حرص نے ہمیں تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم میں بھی تمام نوجوان حصہ لیں گے، حضور کا فرمان ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے جبکہ خوشی ہے کہ ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے اور ٹیکس کے پیسے کو ٹھیک کرنا ہے، ماحولیات کو بہتر بنانا ہے، ملک کے نوجوان اور سکول کے بچے اس عظیم مقصد کےلئے میرا ساتھ دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں