ننکانہ صاحب (نمائندہ عکس آن لائن )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) محمد عثمان خالد اور اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب صولت حیات وٹو کا تحصیل ننکانہ صاحب میں چینی کی دستیابی ،
اور حکومتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سپر اسٹورز اور دوکانوں کا دورہ ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) محمد عثمان خالد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اشیاءخورونوش کی ریٹ لسٹ کو نمایا ں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،
چینی ،گھی ،دالوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کو حکومتی نرخوں پر فروخت کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا .
اورضلعی انتظامیہ عوام الناس کو ان ناجائز منافع خوروں سے چھٹکارا دلوانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد نے اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو کے ہمراہ سیدوالہ،بڑاگھرکے مقام پر واقع پٹرول پمپوں کا اچانک دورہ کیا اور پٹرول کی حکومتی نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں.
اس موقع پر اے ڈی سی آر نے کہا کہ پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کرنے اور حکومتی نرخوں پر فروخت نہ کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور پٹرول پمپس کو سیل کرکے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے انتظامیہ کی نظروں سے نہیں بچ سکتے انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی پٹرول پمپ انتظامیہ نے پٹرول کی حکومتی نرخوں پر فروخت سے انکا ر کیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔