جنرل ہسپتال

نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی روائیت برقرار، امسال بھی فورتھ ائیر کا رزلٹ سو فیصد رہا

لاہور(زاہد انجم سے) نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال نے اپنی روائیت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی نتائج میں ایک مرتبہ پھر میدان مار لیاہے اورپنجاب نرسنگ بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ فورتھ ائیرکلاس (مڈ وائفری ڈپلومہ) کے امتحانات کا رزلٹ سو فیصد رہاہے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے نرسنگ کالج کی پرنسپل مسز میمونہ ستار،انچارج کلاس شہناز ڈار و فیکلٹی ممبران اور طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اُن کی محنت اور پیشہ وارانہ لگن کا نتیجہ ہے جس بنا پر نرسنگ کی طالبات کا نتیجہ سو فیصد آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی کی بھی محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور دلچسپی رکھنے والے اور تعلیم سے لگاؤ رکھنے والے سٹوڈنٹس کو شاندار کامیابی ملتی ہے جو انہیں عملی میدان میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹنے اور ہسپتالوں میں بطور نرس مریضوں کی خدمت کرنے کی طرف راغب کرتی ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم نہ صرف آدمی کو اچھا انسان بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ اخلاقی تربیت اور دوسروں کی خدمت کا جذبہ بھی حصول تعلیم سے ہی پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عملی میدان بالخصوص میڈیکل کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم اور تجربہ کام آتا ہے جس سے عملی زندگی کی رکاوٹیں دور ہوتی ہیں، خواہ مرد ہو یا عورت کامیابی کی منزل سے ہمکنار ہوتا ہے۔

پرنسپل نرسنگ کالج جنرل ہسپتال مسز میمونہ ستار نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کی ان تھک محنت اور لگن ہے جس کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نرسنگ کالج ایل جی ایچ بہترین افرادی قوت پیدا کرنے میں ہمیشہ صف اول میں کھڑا رہے گا اور اس ادارے کو ڈاکٹرز کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے والی نرسز کی کھیپ مہیا ہوتی رہے گی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کلاس میں فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا بھی اعلان کیا تاکہ اُن کی عملی طور پر حوصلہ افزائی ہو سکے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سال فورتھ ائیر میں کالج کی 40طالبات نے حصہ لیا تھا اور ان سب نے اچھے نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں