لاہور (عکس آن لائن) پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 118اموات سے لگتا ہے کہ صوبے میں بزدار نہیں کرونا کی حکومت ہے،حکمران مانگے تانگے کی ویکسین پر کب تک عوام کو موت کی بھینٹ چڑھاتے رہیں گے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن رمضان میں بھی بے قابو ہے،ہر طرف بیڈ گورننس کا راج ہے ،دو کلو چینی کے نام پر روزی داروں کو جنگی قیدیوں کی طرح لائن میں لگا کے تضحیک کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکمرانوں کی طرح مرغی کی قیمت بھی420 ہوچکی ہے،یہ جلد نو دو گیارہ ہو جائیں گے،ملک و قوم کو آئی ایم ایف کا باجگزار بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔حسن مرتضی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے رمضان بازار عوام کے لیے خلجان بازار بن چکے ہیں،میں مہنگائی کرونا اور حکومتی بیڈ گورننس کے خلاف پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کروں گا۔