قصور (عکس آن لائن)ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ مکئی کی برداشت کے موقع پر انتہائی احتیاط سے کام لیاجائے کیونکہ موسم کی تبدیلی کم دھوپ فضامیں نمی کے باعث تیار شدہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے لہذاکاشتکار چھلیاں خشک اور دانے الگ کرکے پیداوارکو اچھی طرح محفوظ بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ مکئی کی کٹائی سے پہلے پیداوار کے اندازے کے مطابق زمین سے ایک فٹ اونچے چبوترے بنالئے جائیں جودرمیان سے ذرا اونچے ہوں تاکہ اگر بارش ہوجائے تو پانی ان چبوتروں کے اوپرنہ ٹھہرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ جب چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہوجائیں دانوں میں ناخن نہ چھبے اور اگر دانے چھلی سے اکھاڑ کر دیکھے جائیں تو ان کے نوک دار سرے سیاہ ہوچکے ہوں تو سمجھ لیا جائے کہ فصل کٹائی کےلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکھانے کےلئے رکھی گئی چھلیوں کو الٹ پلٹ بھی کرتے رہناچاہئیے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ مکئی کی ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام ایم ایم آر آئی ییلوپرلساہیوال2002اوراگیتی2002کا بیج ایسے کھیتوں سے اگلی فصل کےلئے رکھاجائے جن کے اردگرد تین تین ایکڑتک مکئی کی کوئی دوسری قسم کاشت نہ کی گئی ہو ورنہ بیج خالص نہ ہوگا۔