وزیراعظم عمران خان

مودی اتنا ڈرپوک نکلا کہ کورونا کی وجہ سے پورا ملک بند کردیا ، عمران خان

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اتنے ڈرپوک نکلے کہ کورونا کی وجہ سے پورا ملک بند کر دیا، مودی نے ملک بند کرتے وقت غریب لوگوں کا سوچا ہی نہیں،،خود اعتمادی لوگوں کو مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے قابل بناتی ہے اور جب قوم خود پر اعتماد کرنا شروع کر دیتی ہے تو آگے بڑھتی ہے، ڈیڑھ سال ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں گزرگیا اب قوم کو ایک ویژن دیں گے۔

جمعرات کو عمران خان نے کامسٹیک میں طبی مصنوعات کی نمائش کا دورہ کیا اور اس موقع اپنے خطاب میں کہا کہ خود اعتمادی لوگوں کو مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے قابل بناتی ہے اور جب قوم خود پر اعتماد کرنا شروع کر دیتی ہے تو آگے بڑھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی میں بہت پوٹینشل ہے، جو ملک نیوکلیئرہتھیار بنا سکتا ہے اس کے لیے وینٹی لیٹر بنانا کون سا مشکل کام ہے؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ہر چیزکو امپورٹ کریں۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے اسپتال درست کرنے ہیں اور انہیں بہتر بنانا ہے، پہلے سارے لوگ علاج کرانے باہر جاتے تھے اب تو یہ لوگ باہر بھی علاج نہیں کرا سکتے۔عمران خان نے کہا کہ جب تک وزرا سرکاری اسپتالوں میں علاج نہیں کرائیں گے اسپتال بہتر نہیں ہونگے جب کہ پیسے والے لوگ سرکاری اسپتالوں میں جانے کا سوچتے بھی نہیں، آج صاحب اقتدار چاہیں تو بھی بیرون ملک علاج نہیں کرا سکتے۔

پڑوسی ملک بھارت کے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مودی اتنا ڈرپوک نکلا کہ کورونا کی وجہ سے پورا ملک بند کر دیا، مودی نے غریب لوگوں کا سوچا ہی نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا امیراورغریب میں فرق نہیں کرتا، کورونا نے ہمیں سکھایا کہ اپنے پاﺅں پرکھڑا ہونا ہے، حکمران اشرافیہ نے فیصلہ کیا کہ ملک میں لاک ڈان کرنا ہے لیکن کسی نے لاک ڈاﺅن کرتے ہوئے دیہاڑی دار طبقے کا سوچا ہی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں گزرگیا اب قوم کو ایک ویژن دیں گے، یہ ویژن کسی چھوٹے طبقے کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہو گا، ملک کوایک وژن کے تحت آگے لے کرجائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 1079 افراد ہلاک جب کہ 33 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 3 مئی تک لاک ڈاﺅن کا اعلان کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں