عمران خان

موجودہ صورتحال کے باوجود اْمید ہے 2023 کے الیکشن تحریک انصاف جیتے گی،سابق وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد ( عکس آن لا ئن)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باوجود اْمید ہے 2023 کے الیکشن تحریک انصاف جیتے گی۔سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر سابق وزیراعظم عمران خان نے سالِ نو کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیغام میں کہا کہ 2022 بیک وقت بہترین اور بدترین تھا ذاتی مفاد میں گْندھی ایک سازش کے ذریعے بہترین معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو ہٹایا گیا اور پاکستان کو مجرموں کے ایک گروہ کے حوالیکردیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس گروہ نے معیشت زمیں بوس کی، خود کو این آر او ٹو دیا اور نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے تمام وائٹ کالر کرمنلز کیلئے لوٹ مار کے دروازے کھول دیئے۔ انہوںنے کہاکہ یہ سال بہترین یوں تھا کہ اسی دوران میں نے اہلِ پاکستان کو ایک قوم کیسانچے میں ڈھلتے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور مقتدرہ کی مکمل پشت پناہی سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے یکجا ہو کر تحریک انصاف کیخلاف صف آراء ہونے کے باوجود تحریک انصاف غیر معمولی عوامی تائید و حمایت سے 75 فیصد ضمنی انتخابات میں فتحیاب رہی اور اس نے خود کوصحیح معنوں میں ایک قومی جماعت کے طور پر منظم کیا۔

عمران خان نے کہا کہ آجکل قومی منظرنامے پر خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے تحریک انصاف بلاشبہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی اور پاکستان کو بحرانوں کی اس دلدل جس میں امپورٹڈ سرکار اور اسکے سرپرستوں نے ملک کو دھکیلا ہے اس سے نجات دلوانے کیلئے ٹھوس ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں