وزیر اعظم

موجودہ دور میں انسانیت اور احساس پر مبنی اقدار اجاگر کی جائیں، وزیر اعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے،انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے،پاکستانی جہاں بھی مقیم ہوں مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے اہلیان وطن کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔

بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی، اس دوران مسلم ممالک کے مابین تہذیب و ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے وزیر اعظم کو کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کے مثبت ردعمل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات، تاریخ و تمدن اور اسلامی معاشروں کے خصائل کو اجاگر کرنے میں ہمارے ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں دکھی اور مشکل میں گھری ہوئی انسانیت کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، پاکستانی خواہ دنیا کے کسی بھی کونے میں مقیم ہوں مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے اہلیان وطن کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ انسانیت کی خدمت کا یہی جذبہ ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں