بلاول بھٹو زرداری

موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور یہ بہت جلد اپنا بوریا بستر گول کرنے والے ہیں’بلاول بھٹو زرداری

سیالکوٹ( عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ممبر قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور یہ بہت جلد اپنا بوریا بستر گول کرنے والے ہیں اور اگر ہم پرویز مشرف جیسے آمر کو اقتدار سے باہر نکال سکتے ہیں تو یہ سلیکیٹڈ وزیر اعظم عمران خان نیازی کس کھیت کی مولی ہے اور اس کے لئے بہتر یہی ہے کہ یہ خود عزت سے مستعفی ہو جائے ورنہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اس کا استعفی خود لے لے گی اس کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ لانگ مارچ بھی کر ے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پپلز پارٹی سیالکوٹ کے راہنمائوں اظہر دیال، ہیپی بٹ، ماسٹر شفیع ،علی نصیر اعوان،میاں اشرف،مقصود بٹ،منیب گوندل،بابر شاہین اور خواجہ اویس مشتاق سے ایک پیغام کے ذریعے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نیازی نے انتخابات 2018ء میں اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے جتنے وعدے کئے ان میں سے ایک بھی وعدہ وفا نہ کیا بلکہ انھوں نے ہر موڑ پر یوٹرن لینا اپنا وطیرہ بنا لیا جبکہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر ان پر ظلم در ظلم کیا۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کا ایک کپتان ملک نہیں بلکہ کرکٹ ٹیم ہی چلا سکتا ہے جبکہ اس کپتان نے 1992ء میں ایک ورلڈ کپ جیت کر قوم کو پوری طرح الو بنا کر ایک سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف تشکیل دے کر سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور پھر ملک کا سلیکیٹڈ وزیراعظم بن کر ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیاہے۔انھوں نے کہا کہ اب لوگ عام انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کو ووٹ دینے کی بجائے جوتیاں ماریں گے اور پھر تحریک انصاف کبھی بھی انتخابات میں حصہ لینے کا سوچے گی بھی نہیں۔

انھوں نے کہا کہ کہ عوام اب تیار ہو جائیں اور سڑکوں پر نکل آ ئیں تاکہ ان حکومتی کٹھ پتلیوں کو بھگا دیں انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں گند ہی گند ہے اور اس گند کو اب فلتھ ڈپو میں لازم پھینکنا ہوگا جبکہ عوام اب ملک کو بچانے کے لئے ہر صورت میں ہمارا ساتھ دینا ہوگا ورنہ سلیکیٹڈ ملک کو گروی رکھنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں گے۔انھوں نے کہا کہ سلیکیٹڈ وزیراعظم کہتا ہے کہ مجھے آڑھائی سال میں حکومت کرنے کا پتہ نہیں چلا جس کی وجہ میں ناکام ہوا جبکہ آڑھائی سیکنڈ میں بہت کچھ ہو جاتا ہے اور سمجھنے والے بہت کچھ سمجھ جاتے ہیں لیکن سلیکیٹڈ وزیراعظم کو آڑھائی سال میں حکومتی معاملات کی سمجھ نہ آ سکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں