ہمایوں اختر

موجودہ حالات میں (ن)لیگ ،پیپلز پارٹی کرپشن کے بوجھ کےساتھ سیاست نہیں کر سکیں گی ‘ ہمایوں اختر

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کاکرپشن اور لوٹ مار کا بیانیہ مستردکردیا ہے اور دونوں جماعتیں اس بوجھ کے ساتھ مزید سیاست نہیںکر سکیں گی ،وزیر اعظم عمران خان نے سیاسی مفادات کی بجائے مشکل اور غیر معمولی فیصلے کئے جس کی وجہ سے ملک درست سمت میں گامزن ہے اورمثبت معاشی اشاریے اس کا ثبوت ہیں ،

زراعت ، چھوٹی اور بڑی صنعتوں کی ترقی کےلئے ایمر جنسی کی طرز پر پیشرفت کی جارہی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے دفتر میں پارٹی رہنماﺅں اورکسانوںکے وفودسے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ تحریک انصاف ہرگز یہ نہیں چاہتی کہ کوئی بھی سیاسی جماعت آئندہ عام انتخابات میں مقابلے کی دوڑ سے باہرہو لیکن مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کرپشن اورلوٹ مار کی میراث کو چھوڑنے کےلئے تیار نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کوئی بھی شخص ہماری قیاد ت پربد عنوانی کاالزام نہیں لگا سکتا جبکہ ماضی کی حکومتوںمیں اس دور میں قومی خزانے میں نقب لگائی گئی تھی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑتا تھا۔مسلم لیگ(ن) کو پیشگی علم ہوگیا تھاکہ عوام انہیں دوبارہ منتخب نہیں کریں گے اس لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خزانے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا اور ہمیں ایسی بد حال معیشت منتقل ہوئی جس کی ماضی میںکوئی مثال نہیں ملتی ۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے مایوس ہونے کی بجائے پر عزم ہو کر حالات کا مقابلہ کیا اور آج الحمد اللہ ہم مثبت سمت میں گامزن ہیں اور اسی وجہ سے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی نیندیں اڑ ی ہوئی ہیں ۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ تحریک انصاف نے کسی کی بیماری پر سیاست کی ہے اورنہ کرے گی ۔ یہ طے ہے کہ کرپشن کرنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا اور انہیں ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں