واشنگٹن (عکس آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ رہنما نینسی پلوسی کو لکھے گئے ایک خط میں اپنے خلاف مواخذے کو امریکی جمہوریت کے خلاف کھلی جنگ قرار دیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر اور سینئر ڈیموکریٹ رہنما نینسی پلوسی کو بھیجے گئے اس خط میں امریکی صدر نے لکھا کہ آپ نے بہت ہی بدصورت لفظ مواخذے کی اہمیت کو انتہائی کم کر دیا ہے۔چھ صفحات پر مشتمل اس خط میں امریکی صدر نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی پر غصے کے اظہار کے ساتھ ساتھ سخت الفاظ میں نینسی پلوسی کی مذمت بھی کی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ انھیں مواخذے کی تحقیقات کے آغاز سے ہی بنیادی آئینی عمل اور شواہد پیش کرنے کے حق سمیت کئی بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔واضح رہے کہ ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے ووٹنگ متوقع ہے جبکہ سینیٹ میں ان الزامات پر ٹرائل آئندہ ماہ ہو سکتا ہے۔