منظوروسان

منظوروسان کی ضمانت میں 5اگست تک توسیع

کراچی(کورٹ رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے مشیرزراعت سندھ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما منظوروسان کی ضمانت میں 5اگست تک توسیع کردی ہے۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے سے متعلق نیب انکوئری میں پیپلز پارٹی کے رہنما منظوروسان کی درخواست کی سماعت ہوئی۔منظور وسان عدالت میں پیش ہوئے ۔نیب کی جانب سے عدالت سے ایک بار پھر جواب کے لیے مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے کہا کہ ایک عرصہ ہوگیا ہے، جواب جلد جمع کرائیں۔منظوروسان کے وکیل ضمیرگھمروایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ یہ تیسری بارمسلسل مہلت مانگی جا رہی ہے، ہر بار نیب یہی کر رہا ہے۔ایڈووکیٹ ضمیر گھمرو نے کہا کہ نیب کو آخری وارننگ دی جائے۔

نیب نے جواب دیا کہ انکوئری مکمل کرکے رپورٹ ہیڈ آفس بھج دی ہے۔ ہیڈ آفس کی جانب سے انکوائری پر اعتراضات لگائے گئے تھے۔سندھ ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹرکو 5 اگست تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان کی ضمانت میں توسیع کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہاکہ یہ اہم اور خطرناک دن ہیں ، آج سے عمران خان کی پوزیشن کم ہوتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جب ضمنی الیکشن ہوں گے عمران خان ہارے گا نواز لیگ والے اکثر جیتیں گے، الیکشن 2023 میں ہوں بڑی بڑی اہم شخصیات عمران خان کو چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں چلے جائیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کے کچھ لوگ کرپشن کے الزام میں گرفتار ہوں گے، کرپشن کے جن الزامات میں دوسروں کو پھنسایا جاتا تھا اب حقیقت سامنے آئے گی۔منظور وسان نے کہا کہ میں اس نیب کی ترمیم کی حمایت نہیں کرتا اور نا ہی میرا کیس اس ترمیم کے ساتھ ہے، کاش تھوڑی دیر بعد ترمیم ہوتی ہم بھی اثاثہ جات کے کیس بناتے یہ جواب دیتے تو خوشی ہوتی۔مشیر زراعت سندھ نے کہا کہ ہوسکتا ہے الیکشن کے بعد خود عمران خان بیگم کے ساتھ باہر چلے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں