سیلابی صورتحال

ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے گنڈا سنگھ بی آر بی نہر پر فرضی مشقوں کا انعقاد

قصور(عکس آن لائن) ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے گنڈا سنگھ بی آر بی نہر پر ریسکیو 1122کے زیر اہتمام گزشتہ روز فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حنا ارشد ، اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع احمد نوید امجد ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر سلطان محمود ، ایکسئین ایری گیشن میاں محمد عدن ضیاء ،ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس سیف اللہ ، محکمہ پولیس ، ہیلتھ ، ایجو کیشن ، لائیو سٹاک ، ٹرانسپورٹ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مشقوں کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر ریسکیو1122نے کشتیوں کے ذریعے مہمانوں کو سلامی دی اور سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کرنے ، انکو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور ڈوبتے ہوئے شخص کو بچانے کیلئے صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حنا ارشد نے ان فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122کی جانب سے لگائے جانیوالے رجسٹریشن کیمپ ‘میڈیکل کیمپ اور دیگر محکموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور سیلاب کے دورران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونیوالے آلات کا معائنہ کیا ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر سلطان محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ان کے مال و اسباب کے ساتھ محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بات چت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حادثہ سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام ادارے مربوط انداز میں طے شدہ حکمت عملی کے تحت کام کریں ۔ مشکل ترین حالات اور خطرناک صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنا اور انکے مال و اسباب کو محفوظ کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ضلعی انتظامیہ سیلاب جیسی آفات سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے ۔ایسی مشقوں کے انعقاد سے ریسکیوزرکو پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے ۔انہوں نے مشقوں میں حصہ لینے والے ریسکیو 1122سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی اور تربیت کے معیار کو سراہا۔ علاوہ ازیں انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں کا بھی دورہ کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں