وزیراعظم عمران خان

ملک کی ترقی کی راہ میں حائل مافیا سے مقابلہ ہے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کی راہ میں حائل مافیا سے مقابلہ ہے۔وزیراعظم عمران خان سے امریکی ورجینیا یونیورسٹی کے طلبا کے وفد نے ملاقات کی جس میں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور معیشت کو درپیش مسائل پربات چیت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1960 کی دہائی میں پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے تیزترقی کرنے والا ملک تھا،لیکن بدقسمتی سے معاشرے میں کرپشن کے ناسورسے ملکی ترقی کا عمل جمود کا شکار ہوا، ماضی کی حکومتوں نے انسانی وسائل کے فروغ کونظر انداز کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کی حالت زار اورایوانوں میں کرپشن کے پیش نظرسیاست میں قدم رکھا، میرامقابلہ مافیا سے ہے جو ملک کی ترقی کی راہ میں حائل رہا ہے، بڑا چیلنج ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور تعلیمی نظام کو بہتر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت یکساں تعلیمی نصاب کے لئے کوشاں ہے، حکومت کی کاوشوں کی بدولت معیشت میں استحکام آیا ہے ، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے مکمل تحفظ پر یقین رکھتا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی فسطائی پالیسیوں سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں اور بھارتی عوام کی شناخت خطرے میں پڑ گئی ہے، مودی سرکارنے پانچ سو ملین اقلیتوں کے تشخص اور وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں