شہباز گِل

ملک کیلئے معاشی حوالے سے اچھی خبریں ہیں، کرونا کی صورتحال کے باوجود حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملکی معیشت دوبارہ ٹریک پر ہے، شہباز گل

اسلام آباد (عکس آن لائن)معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے معیشت کی بہتری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک کیلئے معاشی حوالے سے اچھی خبریں ہیں، کرونا کی صورتحال کے باوجود حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملکی معیشت دوبارہ ٹریک پر ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پہلے مرحلے میں دیوالیہ پن کی نہج پر پہنچی معیشت کو سنبھالا گیا، دوسرے مرحلے میں حکومت معیشت کی بہتری کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک منتقل کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ بلومبرگ نے وزیراعظم عمران خان کی بہتر معاشی پالیسی اور حکمت عملی کی تائید کی، بلومبرگ کے مطابق بڑے برانڈز سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ متحدہ کرپٹ اپوزیشن نے معیشت کی خرابی کا جعلی بیانیہ اپنایا، کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس سرپلس اور 17 سال کی بلند ترین سطح پر آگیا۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ ستمبر کے دوران برآمدات 29 فیصد بڑھیں، ترسیلاتِ زر میں گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے 31 فیصد اضافہ ہوا۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ ترسیلارتِ زر 7.147 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں ، ترسیلات میں اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتماد ہے۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ ایف بی آرنے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1337 ارب روپے کانیٹ ریونیو حاصل کیا ہے، عوام کے مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے ملکی دولت کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں