دھاتوں

ملک میں اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 1.16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

فیصل آباد (عکس آن لائن)ملک میں اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں گذشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 1.16 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 42.68 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران 14 ضروری اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے ضروری اشیاءکی قیمتوں بارے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 7 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 14 ضروری اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اس کے برعکس 15 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 9.82 فیصد، آلو 4.34 فیصد، چکن 2.99 فیصد، لپٹن چائے 2.58 فیصد، ڈیزل 2.31 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول 2 فیصد، ڈھائی کلو گرام بناسپتی گھی 0.43 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 0.38 فیصد، آٹا 0.35 فیصد، دال چنا 0.27 فیصد اور ایک کلو بناسپتی گھی کی قیمت میں 0.16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس پیاز کی قیمت میں 8.42 فیصد، انڈے 2.52 فیصد، سب سے کم آمدنی والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت میں 2.03 فیصد، دال مونگ 0.88 فیصد، چینی 0.84 فیصد، کیلا 0.66 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.55 فیصد، ایل پی جی 0.42 فیصد، تیار چائے 0.37 فیصد، دال مسور 0.10 فیصد، سرسوں کا تیل 0.09 فیصد اور دہی کی قیمت میں 0.02 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.17 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.14 (کمی) فیصد، 0.96 فیصد، 1.27 فیصد اور 1.65 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاءکی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں