’سراج الحق

ملک بدامنی کی لپیٹ میں، معیشت تباہ، مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دئیے ‘ سراج الحق

لاہور( عکس آن لائن)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بدامنی کی لپیٹ میں، معیشت تباہ، مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دئیے ۔ قومی انتخابات کی طرف جانا ہو گا۔ حکمران جماعتوں نے مفادات کے لیے لڑائی میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ جماعت اسلامی 14مارچ کو انتخابی منشور دے گی، اسلام آباد میں تمام قیادت کو اکٹھا کر کے الیکشن مہم کا آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انھوں نے بولان میں دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت اور شہدا اور زخمیوں کے لیے دعا کی۔

اجلاس میں اسلام آباد کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات حکومت کی ناکامی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری کے واقعات ہوتے ہیں، مسلح جتھے پھر رہے ہیں، مگر حکومت کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ بلوچستان میں ایک طرف بدامنی بڑھ رہی ہے، دوسری جانب عوام میں محرومیوں کا لاوا بھی پک رہا ہے، وسائل سے مالا مال ملک کے سب سے بڑا صوبہ میں غربت بھی سب سے زیادہ ہے۔ ملک کی معاشی شہ رگ کراچی میں بھی سٹریٹ کرائم، ٹارگٹ کلنگ میں ہر روز اضافہ ہوتا ہے،

لوگ خوف کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سندھ حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔پنجاب سیاسی افراتفری کی لپیٹ میں، ملک کی نام نہاد بڑی جماعتوں نے صوبہ کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا، زرعی لحاظ سے مالا مال صوبے کا کسان، مزدور پریشان ہے، عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ، خودکشیوں پر مجبور ہے۔ مسائل سے نجات کا واحد راستہ صاف شفاف اور پورے ملک میں بیک وقت انتخابات ہیں۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی مرکزی اور سندھ حکومت قربانی دے اور اسمبلیاں تحلیل کر کے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی گوادر کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اور مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی جعلی مقدمات میں گرفتاری کے خلاف 9مارچ کو کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا دے گی، اسی طرح کراچی میں الیکشن کمیشن کی ناکامی اور بلدیاتی انتخابات مکمل نہ کرانے کے خلاف 10مارچ کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا ہو گا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی حکومتوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں، ملک کے فیصلے آئی ایم ایف کے بابو کرتے ہیں۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، روپیہ اپنی قدر کھو چکا ہے، سودی معیشت اور کرپشن نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے،

حکمران اپنی مراعات اور پروٹوکول کم نہیں کرتے، غریب عوام سے قربانیاں مانگتے ہیں۔ قوم اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہو جائے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی ملک میں اللہ کا قانون نافذ کر کے اسے عظیم فلاحی ریاست بنائے گی۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی سراج الحق منگل 7مارچ کو لاہور میں ویمن ایکسیلنس سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ امیر جماعت 8مارچ کو جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام اسلام آباد میں ہونے والے خواتین مارچ سے خطاب کریں گے۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم لاہور میں خواتین مارچ سے خطاب کریں گے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں