حافظ حسین احمد

مقابلہ میدان میں ہوگا، مخالفین کے ہاتھ باندھ کر مقابلے کے قائل نہیں، حافظ حسین احمد

کوئٹہ/کراچی / اسلام آباد (عکس آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے سینئر رہنماسابق ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ہم مخالفین کے ہاتھ باندھ کر مقابلے کے قائل نہیں مقابلہ ہوگا تو میدان میں ہوگا، مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرنے والے وفد کی تصاویر شائع ہونے پر تحریک انصاف کو سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں۔

وہ بدھ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے حوالے سے ہم نے میڈیا پر کوئی بات نہیں کی حالانکہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وفد خود میڈیا کو بتاتا کہ ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی، جے یو آئی رہنما کا کہنا کہ پیپلز پارٹی اتحادی حکومت میں شامل تھی لیکن اب وہ عوام کے پاس جانے سے پہلے اپنا کھاتہ صاف کرنا چاہتی ہے، کھلاڑی اگر دوسرے کھلاڑی کی ٹانگ پکڑ کر باہر نکالنے کی کوشش کریگا تو پھر امپائر سب کو ہی باہر کردے گا اس لیے انتخابات کے حصول کے لیے سیاسی جماعتوں کو ملکر بیٹھنا ہوگا۔

شیخ رشید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چلے نے شیخ رشید کو نیا نہیں بلکہ پرانے شیخ رشید کو ہی سدھار دیا اگر وہ چلے سے نہیں سدھرتے تو مدت چار ماہ میں تبدیل ہوسکتی تھی۔ حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہوا لگتا ہے کہ انتخابات کو آگے لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں