ڈیرہ اسماعیل خان(عکس آن لائن) معمولی تلخ کلامی پر مسلح ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے پچیس سالہ نوجوان کو موت کی ابدی نیند سلادیا ،قاتل جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،
مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ،پولیس نے تین ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔تھانہ چودھوان کی حدود میں واقع گاؤں گرہ ازک کے قریب کوٹ تگہ لنک روڈ پر مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پچیس سالہ نوجوان ثناء اللہ ولد حبیب اللہ قوم استرانہ سکنہ گرہ ازک کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ،
مقتول کے چچا زاد بھائی حکیم شاہ نے پولیس کو بتایا کہ میں اور مقتول دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جارہے تھے کہ اس دوران ملزمان امام شاہ ولد سعداللہ ،مجید ولد شیران اور عنایت اللہ ولد شربت ساکنان گرہ ازک نے ہم پر اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چچازاد ثناء اللہ فائرنگ سے لگ کر موقع پر جاں بحق جبکہ ہم خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے ،وجہ عداوت معمولی تکرار پر تنازع بیان کیاگیا ،پولیس نے مقتول کے چچا زاد بھائی حکیم شاہ کی رپورٹ پر تینوں ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل سمیت دیگردفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔