رانا تنویر حسین

مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر حسین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

اسلام آباد (عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی راناتنویر حسین کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔ جمعرات کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

نئے چیئرمین کے انتخاب کے لئے انتخابی عمل کی نگرانی سیکرٹری قومی اسمبلی قمرسہیل لودھی نے کی۔ اجلاس میں حکومتی جماعت کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر سمیت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ دریشک نے رانا تنویر حسین کا نام تجویز کیا جس کی مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مشاہد حسین سید اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے تائید کی۔ اس طرح مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔

چیئرمین پبلک اکاونٹ کمیٹی منتخب ہونے کے بعد رانا تنویر حسین نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے فیصلوں میں تمام اراکین کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی اہم فورم ہے اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک اور قوم کے لیے کوئی کردار ادا کیا جا سکے۔ تمام کمیٹی ارکان نے بھی رانا تنویر حسین کو مبارکباد پیش کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں