راول ڈیم

مسلسل بارش کے بعد راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے

اسلام آباد(عکس آن لائن) جڑواں شہروں میں تین دن سے جاری برشوں کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کو پانی فراہم کرنے والے راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔راول ڈیم انتظامیہ کے مطابق جڑواں شہروں میں مسلسل بارش کے بعد پانی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کے گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔راول ڈیم انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی کل گنجائش سطح سمندر کے لحاظ سے 1752 فٹ ہے۔

اسپل ویز کھول کر پانی کی سطح 1752 فٹ سے کم کر کے 1751.40 فٹ کی جائے گی۔ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپل ویز کچھ گھنٹے تک کھلے رہیں گے۔ اسپل ویز کھولنے سے پہلے قریبی آبادی کو الرٹ کر کے سائرن بجائے گئے تھے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف تیز بارشوں سے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10فٹ تک پہنچ گئی۔بارش سے راولپنڈی میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔دریں اثتا محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کے روز اسلام آباد، خیبر پختو نخوا، پوٹھوہار اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں سے ژوب، موسی خیل،لورالائی، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے پہاڑی ندی نالوں میں بروز جمعرات اور جمعہ جبکہ دیر،مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ اور کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں بروزجمعہ اور ہفتہ طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلادھار اور مسلسل بارشوں کیوجہ سے کشمیر، گلگت بلتستان، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق غیر معمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواوں سے خیبر پختو نخوا اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے اس دوران تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں