فیصلہ

مریم کی درخواست مسترد،حکومت کا بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(عکس آن لائن) وفاقی حکومت نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ان کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور سینئر وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)میں نام شامل کرنے سے متعلق قوانین حکومت کو مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں بابر اعوان نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ای سی ایل کیسز سے متعلق وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کی درخواست مسترد کردی۔انہوں نے کہا کہ اصل میں یہ ذیلی کمیٹی کابینہ کا حصہ ہے اور مریم نواز کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہ دینے سے متعلق باقاعدہ اعلان وفاقی کابینہ کی جانب سے(آج) 24دسمبر کوکیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان سے بیمار لندن جا کر صحت مند ہو جاتے ہیں، تحریک انصاف نے نوازشریف کی بیماری پر کوئی سیاست نہیں کی، مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہ دینا قانون کی بالادستی ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ ان ہاوس تبدیلی کی کوئی حلیم دیگ میں نہیں، مشرف کیس میں حکومت آئینی راستہ اختیار کرے گی۔ مناسب سمجھا گیا تو حکومت مشرف کیس پر عدالت جا سکتی ہے۔

اداروں کے تصادم کے بارے میں کوئی نہ سوچے اداروں میں تصادم کے خدشے کو پیرا 66 سے جوڑا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ تھا سزا یافتہ شخص کو باہر جانے کی اجازت نہیں دینی تاہم نوازشریف کی بیماری پر کوئی سیاست نہیں کی گئی، ای سی ایل کے قوانین 1980 میں بنائے گئے تھے، 2010 میں تبدیلی کی گئی۔ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینا قانون کی بالا دستی ہے۔ کابینہ کی کورکمیٹی نے سزا یافتہ کوباہربھیجنے کی مکمل مخالفت کی ہے، لہذا کسی سزا یافتہ شخص کو حکومت باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی،

جب سے نواز شریف باہر گئے ان کی بھی کوئی خبر نہیں آئی اور علاج ابھی تک شروع نہیں ہوا۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ بھارت کی رکنیت معطل کرے، مودی سرکار مسلم اقلیت کی نسل کشی کرنا چاہتی ہے، نریندر مودی نے کشمیر پر لاک ڈاون کے ذریعے حملہ کیا۔ اس کا حملہ بھارت کے طول و عرض میں پھیل چکا ہے، بھارت کا فالز فلیگ کا ڈرامہ پھر ناکام ہوا، وہ جب بھی پاکستان کی جانب دیکھے گا منہ کی کھانی پڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں