مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب کا وزیراعظم کو معاشی وائٹ پیپر کا جواب دینے کا چیلنج

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو معاشی وائٹ پیپر کا جواب دینے کا چیلنج اور ترجمانوں کے معاشی کانفرنس پر بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے ملکی معیشت، قومی اثاثے،عوام کی روٹی، روزگار، کاروبار آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا ،مسلم لیگ ن نے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے ذریعے ملک وقوم کے اثاثوں میں اضافہ کیا تھا،

عمران صاحب کی پندرہ ماہ کی نالائقی پر حقائق نامہ جب سے جاری ہوا ہے، نالائقوں کی چیخیں بند نہیں ہورہیں ،کرائے کے ترجمانوں کی چیخ وپکار مسلم لیگ (ن) کی معاشی کانفرنس کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا سچائی اور حقائق کی موجودگی میں آپ کا چور چور، ڈاکوڈاکو کا بیانیہ نہیں چل سکتا ،وزیراعظم نوازشریف نے ملک میں روزگار، کاروبار میں اضافہ کیا، یہ تاریخ اور حکومتی ریکارڈ کا حصہ ہے، جواب دیں ،عمران صاحب گالی، دھمکی اور جھوٹ سے بہتر ہے کہ آپ حقائق کا سچ سچ جواب دیں ،عمران صاحب پاکستان کی ترقی آدھی اور مہنگائی تین گنا زیادہ کرکے عوام کو سزا کیوں دی، جواب دیں،عمران صاحب حقائق نامے میں درج ایک سال میں دس ہزار 335 ارب روپے کا تاریخی قرض لینے کا جواب دیں ،

عمران صاحب ریکارڈ ٹیکس خسارے کا جواب دیں ،احسن اقبال نے وزیر داخلہ کے طورپر سچائی اور نیک نیتی سے ملک کی خدمت کی،کرائے کے ترجمان ملکی معیشت کو انڈے، کٹے، مرغی، بکریوں اور لنگر کے حوالے کرنے کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب شہبازشریف سے حسد نہ کریں، محنت کریں، بزرگ کہتے ہیں کہ جلنے والے کا منہ کالا ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب شہبازشریف نے چار میٹروز بنائیں، آپ سے اب تک ایک نہیں بن سکی ،عمران صاحب شہبازشریف نے پچپن ہزار میگاواٹ بجلی، موٹرویز اور سڑکیں بنائیں، آپ نے اپنے حامیوں کو بے وقوف بنایا،

عمران صاحب اور ان کے ترجمان چیخنے چلانے کے بجائے پشاور میٹرو کے 125 ارب کے کھڈوں کا جواب دیں ،عمران صاحب اسی لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے کیوں چلے گئے، اس کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب پندرہ ماہ میں ایک کروڑ نوکریوں میں سے کتنی نوکریاں عوام کو ملیں؟ جواب دیں ،عمران صاحب پندرہ ماہ میں پچاس لاکھ گھروں میں کتنے عوام کو مل چکے ہیں؟ جواب دیں،

عمران صاحب چور اور ڈاکو کے کھوکھلے نعروں کی بجائے معاشی حقائق نامے کا جواب دیں، قوم منتظر ہے ،مسلم لیگ (ن) کے حقائق نامے کے آئینے میں اپنا عوام دشمن گھناونا چہرہ دیکھ کر حکومت کی چیخیں نکل گئی ہیں ،عمران صاحب کو چیلنج ہے کہ ہمارے پیش کردہ اعدادوشمار اور حقائق کو جھٹلاکر دکھائیں ۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار نے محنت، عقل مندی اور ایمانداری سے پاکستانی معیشت کو مضبوط و توانا کیا، دیوالیہ پن سے بچایا،اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو 5.8 فیصد ترقی تک بلند کیا اور مہنگائی کو تین فیصد کی کم ترین سطح پرلائے ،

اسحاق ڈار کے خلاف نالائق اور جھوٹی حکومت کے الزامات کو برطانوی حکومت، انٹروپول نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا،مسلم لیگ ن نے حقائق کا سامنہ کیا تھا تنقید کرنے والوں کو سزائے موت کی چکیوں اور کال کوٹھریوں میں نہیں ڈالا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں