فنڈز کی منظوری

مختلف سیکٹرز کی 9ترقیاتی سکیموں کیلئے 18ارب 76کروڑ 73لاکھ 38 ہزار روپے کی منظوری

لاہور( عکس آن لائن )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022-23کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے35ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 9ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 18ارب 76کروڑ 73لاکھ 38 ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنمبل نے بذریعہ ویڈیو لنک کی۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر محمد انور سہیل چوہدری سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں لاہور میں مختلف مقامات پر اوور ہیڈ پیڈسٹرین کراسنگ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 87کروڑ 25لاکھ 16ہزار روپے، لاہور میں سگیاں روڈ کی بہتری و بحالی (ترمیمی)کیلئے 5 ارب 30کروڑ 44لاکھ 65 ہزار روپے، ضلع میانوالی میں ٹبی موڑ،

ایم ایم روڈ سے چور والا موڑ، سرگودھا روڈ برآستہ ویلیج چور والا (فیزI)روڈ کی کشادگی و بہتری کیلئے 78کروڑ 89لاکھ 99 ہزار روپے، ضلع لاہور و قصور میں لاہور رنگ روڈ تا قصور بائی پاس برآستہ لدھیکے، را خان والا اور گگر ویلج روڈ کی تعمیر کیلئے 7 ارب 28کروڑ 54لاکھ 22ہزار روپے، ضلع لاہور و قصور میں لاہور رنگ روڈ تا قصور بائی پاس برآستہ لدھیکے، را خان والا اور گگر ویلج روڈ کی تعمیر کے سلسلہ میں زمین کے حصول کیلئے 1 ارب 79کروڑ 15لاکھ 42 ہزار روپے،

لاہور میں بابو صابو انٹر سیکشن کو طلعت پارک سے ملانے والے انڈر پاس کی تعمیر کیلئے 1 ارب 11 کروڑ 10 لاکھ 94 ہزار روپے، ضلع میانوالی تحصیل پپلاں میں پپلاں ہرنول روڈ کی بحالی و تعمیر کیلئے 50کروڑ 23 لاکھ 20 ہزار روپے، ضلع چکوال میں ٹوٹی بن چوک سے بھگوال تک روڈ کی بحالی و بہتری کیلئے 52کروڑ 11لاکھ 87ہزار روپے اور لاہور میں لاہور سکول آف اکنامکس سے بی آر بی کینال پل تک مین برکی روڈ کی اپ گریڈیشن اور دو رویہ کرنے کیلئے 58کروڑ 97لاکھ 93 ہزار روپے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں