ٹینڈے

محکمہ زراعت کی ٹینڈے کی اگیتی فصل کی کاشت اپریل کے آخرتک مکمل کرنے کی ہدایت

سیالکوٹ (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹینڈے کی اگیتی فصل کی کاشت اپریل کے آخرتک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا زرخیز، ریتلی اورپانی کے اچھے نکاس والی زمین میں ٹینڈے کی اگیتی کاشت کے شاندار نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ٹینڈے کی کاشت سے قبل کھیت میں گوبرکی گلی سڑی کھادڈال کر ہل چلاتے ہوئے اسے زمین میں اچھی طرح مکس کردیں اورکھیت کو پانی لگادیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وترآجائے تو دوبارہ ہل اور سہاگہ چلاتے ہوئے ٹینڈے کی کاشت کا آغاز کردیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینڈے کی کاشت کے لئے3میٹرکے فاصلے پر نشان لگاتے ہوئے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر دورتین بوری سپرفاسفیٹ ، ایک بوری امونیم سلفیٹ ڈالتے ہوئے پٹڑیاں اس طرح بنائیں کہ مصنوعی کھادبھی مٹی کی 8سے 10سینٹی میٹر تہہ کے نیچے آجائے۔ انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ سوا کلو سے پونے 2کلوگرام شرح بیج کا استعمال بہترین نتائج کاحامل ہوسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں